12.8.10

ہر سال رمضان میں۔۔۔

آج سعودی عرب اور امارات میں 2010 کے رمضان کا پہلا روزہ رکھا گیا۔ اب سے تھوڑی دیر پہلے پاکستان میں بھی رمضان کا چاند نظر آگیا ہے سو کل ہم بھی پہلے روزے سے ہوں گے۔انشاء اللہ۔

اللہ کا بڑا احسان ہے کہ اس نے ایک مرتبہ پھر زندگی میں موقعہ عطا فرمایا کہ ہم رمضان کی برکتوں سے مستفید ہو سکیں۔پچھلے چند ہی ہفتوں میں سیلاب میں، جہاز کے حادثے میں، فسادات اور قتل و غارت میں کتنے ہی لوگ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عام حالات میں بھی کچھ پتا نہیں ہوتا کب کس کی موت آجائے۔ ایسے میں ایک اور ماہ رمضان کا مل جانا بہت بڑی نعمت ہے۔ اس بات پر اللہ کا شکر کرتا ہوں۔

ہر سال جب رمضان شروع ہوتا ہے تو میں ارادہ کرتا ہوں کہ اس مرتبہ رمضان کی اس نعمت سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی سچی کوشش کروں گا۔ فر ض عبادات تو کروں گا ہی ساتھ میں ڈھیر سی نفلی عبادات بھی کروں گا۔ لغویات میں وقت بِتانے کی بجائے بہت سا قرآن پڑھوں گا۔ ساتھ میں اللہ کے اس کلام میں جو عظیم الشان رب کا پیغام ہے اس کو بھی سمجھنے کی کوشش کروں گا۔

اور صرف یہی نہیں بلکہ ساتھ میں جن جن کاموں سے اللہ کریم نے منع فرمایا ہے ان سے ہر صورت اجتناب کروں گا چاہے میرے دل کو وہ کام کتنے ہی پر لطف اور سرور انگیز لگتے ہوں۔ نیز یہ کہ دوسرے انسانوں سے بات اور معاملات کرتے وقت ان سے برداشت، نرمی اور رواداری سے پیش آوں گا۔ نا مناسب الفاظ، زبان کی تیزی یا آواز و لہجہ کی سختی سے کسی کا دل نہیں توڑوں گا۔ علاوہ ازیں اس بات کو نہیں بھولوں گا کہ قرآن میں میں اللہ نے شرک اور فحش کاموں کی ہر ہر شکل سے بچنے کا ہمیں حکم دیا ہے۔ اور یہ کہ قرآن کے مطابق جنت نیک اعمال کے بدلے ہی میں ملنی ہے۔

یہ سب اور بہت کچھ۔ نہ جانے کیا کیا ارادے کرتا ہوں۔ اور یہ بھی سوچتا ہوں کہ رمضان میں تو شیطان قید کر دیا جاتا ہے لہذا نیکی کے ان تمام ارادوں کو عملی جامہ پہنانے میں مجھے چنداں مشکل نہیں ہو گی۔

اور پھر جب رمضان گزر جاتا ہے تو یہی احساس دل میں رہ جاتا ہے کہ اس مرتبہ بھی اعمال کی درستگی کا وہ اہتمام جو کہ میں کر سکتا تھا رمضان میں وہ کر نہیں سکا۔ شیطان تو مقید تھا تو پھر یہ شاید ہمارا نفس ہوتا ہے جو خیر کی طرف نہیں بڑھنے دیتا اور ہر اس کام کو جس سے کائنات کے مالک نے ہم کو منع فرمایا ہوتا ہے اسے نہایت دلکش بنا کر ہمیں دکھاتا ہے۔

اللہ ہم پر رحم فرمائے۔ آمین۔

11 تبصرے:

خرم ابن شبیر said...

بے شک یہ ہمارا نفس ہی ہوتا ہے جو ہمیں اچھائی سے روکتا ہے
لیکن یہ نفس تو ہمارا ہی ہوتا ہے ہم اس پر کنٹرول کر سکتے ہیں لیکن مشکل سے اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے نفس پر کنٹرول عطا فرمائے آمین

طالوت said...

الحمد للہ جی آج ہمارا ایک روزہ مکمل ہوا ۔ سچ میں بڑی خوش قسمتی ہے کہ رمضان نصیب ہوا۔ اگرچہ ہمارے اعمال تو سال بھر ایک سے یعنی اچھے رہنا چاہییں مگر بد قسمتی سے ہم محض رمضانی مسلمان بن کر رہ گئے ہیں ۔ میری اپنی کوشش بھی یہی ہوتی ہے کہ رمضان کے موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنے معمولات میں سال بھر کے لئے تبدیلی پیدا کروں ۔
اس بار رمضان کے حوالے سے سب اہم بات جو ہمیں کرنا چاہیے وہ یہ کہ اپنے دستر خوان میں سادگی اپناتے ہوئے بالواسطہ ان لوگوں کو اپنے دستر خوان کا ساجھی بنائیں جو اس وقت سیلاب یا کسی اور مشکل میں گرفتار ہیں ۔ اور بلاگر حضرات اس طرف زیادہ توجہ دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پر اثر تحریریں لکھیں ، انشاء اللہ ان کا یہ کام بھی اجر سے خالی نہ ہو گا۔
وسلام

میرا پاکستان said...

بجا فرمایا آپ نے۔

فرحان دانش said...

رمضان مبارک ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عدنان said...

بالکل ٹھیک کہا ہے آپ نے بھائی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محمد طارق راحیل said...

شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِيَ أُنزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ هُدًى لِّلنَّاسِ وَبَيِّنَاتٍ مِّنَ الْهُدَى وَالْفُرْقَانِ فَمَن شَهِدَ مِنكُمُ الشَّهْرَ فَلْيَصُمْهُ وَمَن كَانَ مَرِيضًا أَوْ عَلَى سَفَرٍ فَعِدَّةٌ مِّنْ أَيَّامٍ أُخَرَ يُرِيدُ اللّهُ بِكُمُ الْيُسْرَ وَلاَ يُرِيدُ بِكُمُ الْعُسْرَ وَلِتُكْمِلُواْ الْعِدَّةَ وَلِتُكَبِّرُواْ اللّهَ عَلَى مَا هَدَاكُمْ وَلَعَلَّكُمْ تَشْكُرُون
رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو انسانوں کے لیے ہدایت ہے اور اس میں ہدایت کی واضح اور حق کو باطل سے جدا کرنے والی دلیلیں ہیں ، پھر تم میں سے جو شخص اس مہینے کو پائے تو اسے چاہئے کہ اس کے روزے رکھے اور جو شخص بیمار ہو یا سفر پر ہو تو دوسرے دنوں میں گنتی پوری کرے۔ اللہ تمہارے لیے آسانی چاہتا ہے اور وہ تمہارے لیے تنگی نہیں چاہتا اور تاکہ تم گنتی پوری کرو اور اس پر اللہ کی بڑائی بیان کرو کہ اس نے تمہیں ہدایت دی اور تاکہ تم شکر کرو
( سورة البقرة : 2 ، آیت : 185 )

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ‫:
اذا دخل شهر رمضان فتحت ابواب السماء، وغلقت ابواب جهنم، وسلسلت الشياطين
جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو آسمان کے تمام دروازے کھول دیے جاتے ہیں ، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں سے جکڑ دیا جاتا ہے۔
صحيح بخاری ، كتاب الصوم ، باب : هل يقال رمضان او شهر رمضان ومن راى كله واسعا ، حدیث : 1933

Ghazal said...

First sorry to write in English as I am not really adept at writing in Urdu. Just dropped by to say MashAllah for this blog post.

احمد عرفان شفقت said...

@ Ghazal:
آپکی آمد کا شکریہ۔

احمد عرفان شفقت said...

@ محمد طارق راحیل:
اللہ کی بات دوسروں تک پہنچانے کا بہت شکریہ۔

حجاب said...

رمضان مبارک ، اللہ ہم سب کو نیک عمل کی توفیق دے آمین ۔

احمد عرفان شفقت said...

@ حجاب:
آمین

Post a Comment