9.9.10

رمضان کے بعد

ستائیسویں روزے کے بعد عموما ً رمضان کے لیے ہمارا ولولہ ماند پڑ جاتا ہے۔ شاید ایک تو یہ خیال ہوتا ہے کہ بس اب تو روزے ختم ہی سمجھو اور دوسرا دھیان سارا عید کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ جو آخری دو یا تین روزے ہوتے ہیں وہ بھی رمضان کا اسی طرح حصہ ہوتے ہے جیسے کہ پہلے والے باقی روزے۔

اور یہ بھی توجہ طلب بات ہے کہ انتیسویں رات بھی آخری عشرے کی طاق رات ہوتی ہے باقی چار طاق راتوں کی طرح۔ اللہ کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے لیلتہ قدر کی رات آخری پانچ طاق راتوں میں تلاش کرنے کا حکم دیا ہے اور اس سلسلے میں پانچوں طاق راتوں کی اہمیت برابر ہے۔ رمضان کی انتیسویں رات بھی وہ رات ہو سکتی ہے جو کہ لیلتہ القدر ہو۔

رمضان کے بابرکت مہینے میں جو ہماری ایک تقویٰ والی، اللہ کی اطاعت والی ایک کیفیت بن جاتی ہے رمضان کے عین اختتام پر چاند رات کو بازاروں میں اس کا بالکل الٹ منظر پیش کیا جاتا ہے۔ عید کی شاپنگ کے نام پر ایک عجب ہنگامہ برپا ہوتا ہے۔ اگر صرف خریداری کی ہی بات ہو تو چیزیں تو رمضان سے پہلے والے مہینے میں بھی خرید لی جا سکتی ہیں۔ خیر۔

اس دفعہ تو ویسے بھی دل یہی چاہتا ہے کہ عید سادگی سے ہی منائی جائے۔ سیلاب کے مارے لاتعداد لوگوں کی لاچاری کو روزانہ دیکھ کر دل ملول تو ہوتا ہی ہے نا۔ عید پر ہمیں اللہ کا تہہ دل سے ممنون ہونا چاہیے کہ اس نے ہم میں سے بہت سوں کو سیلاب کی اس آفت سے اپنی امان میں رکھا، عافیت سے روزے رکھنے کی توفیق دی اور عید کا دن دکھایا۔ رمضان سے کوئی دو ہفتے پہلے جو 152 افراد جہاز کے حادثے میں لقمہ اجل بن گئے تھے وہ نہ یہ رمضان دیکھ سکے نہ یہ عید۔ اللہ ان سب کی مغفرت فرمائے۔ آمین۔

رمضان کے بعد دو بہت ثواب کے کام ہیں جو توجہ طلب ہیں. ان میں سے ایک تو کرنا لازم ہے اور دوسرا نفلی عبادت کے زمرے میں آتا ہے ۔ لازم تو ہے فطرانے کی ادائیگی۔ اس کو صدقہ الفطر بھی کہا جاتا ہے۔ اس کا درست اور بر وقت اہتمام کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے۔

دوسرا کام ہے شوال کے چھ روزے رکھنا۔ ان کا بہت ثواب ہے۔ یکم شوال کو عید ہوتی ہے۔ اس دن کو چھوڑ کر شوال کے باقی دنوں میں ہر سال یہ چھ روزے رکھ کرخوش نصیب لوگ گناہوں کی مغفرت کے ایک بڑے موقعے سے فائدہ اٹھا تے ہیں۔

3 تبصرے:

عبداللہ said...

جزاک اللہ!

سعادت said...

عید مبارک! :smile:

طارق راحیل said...

میری طرف سے بہت بہت عید مبارک قبول کیجئے

Post a Comment